ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / ٹکیت کی کسان یونین ہریانہ کے جنرل سکریٹری پر قاتلانہ حملہ، ٹول پلازہ پر کی گئی فائرنگ

ٹکیت کی کسان یونین ہریانہ کے جنرل سکریٹری پر قاتلانہ حملہ، ٹول پلازہ پر کی گئی فائرنگ

Tue, 23 Feb 2021 21:01:07    S.O. News Service

چنڈی گڑھ،23؍فروری(ایس او نیوز؍ایجنسی) کسان لیڈر راکیش ٹکیت کی بھارتیہ کسان یونین کی ہریانہ یونٹ کے جنرل سکریٹری جس تیج سنگھ ایک قاتلانہ حملے میں بال بال بچ گئے ہیں۔ یہ حملہ اس وقت ہوا جب جس تیج سنگھ اپنی گاڑی سے احتجاج کرنے والے کسانوں سے ملاقات کرنے کے لیے جا رہے تھے۔ بتایا جاتا ہے کہ حملہ آوروں نے پہوا نامی مقام کے قریب واقع ٹول پلازہ پر ان پر فائرنگ کی گئی۔

جس تیج سنگھ ہریانہ کے وزیر زراعت رہ چکے مرحوم جسوندر سنگھ کے بڑے بیٹے ہیں اور راکیش ٹکیت کی بھارتیہ کسان یونین کی ہریانہ یونٹ کے جنرل سکریٹری ہیں۔ ڈی ایس پی گورمیل سنگھ نے بتایا کہ موٹرسائیکل سواروں نے ان کی گاڑی کا تعاقب کیا، جسے وہ خود ہی چلا رہے تھے۔ اس کے بعد حملہ آوروں میں سے ایک نے قریب سے گولی ماری، تاہم گولی ان کو نہیں لگی۔

پولیس نے بتایا کہ فارینسیک ٹیم نے کار کو تفتیش کے لیے اپنے قبضہ میں لے لیا ہے۔ حال ہی میں راکیش ٹکیت اور دوسرے کسان رہنماؤں کو ایک ویڈیو کے ذریعہ دھمکی دی گئی تھی۔ کسی نامعلوم شخص نے کسان قائدین کو یہ ویڈیو بھیجی تھی۔ خیال رہے کہ ملک بھر کے کسان گزشتہ تین ماہ سے مرکزی حکومت کے تین متنازعہ زرعی قوانین کے خلاف احتجاج کر رہے ہیں۔ اس دوران کسان رہنماؤں کو مختلف دھمکیاں ملتی رہی ہیں۔


Share: